Saturday, April 20, 2024

کاشانہ کیس  میں ڈی سی لاہور ، ڈائریکٹر بیت المال 12دسمبر کو طلب

کاشانہ کیس  میں ڈی سی لاہور ، ڈائریکٹر بیت المال 12دسمبر کو طلب
December 3, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں دارالامان کاشانہ میں بچیوں کے تحفظ کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر بیت المال کو بارہ دسمبر کو رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔ کاشانہ  کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشان لطیف بھی اپنے وکلاء کے ہمرا عدالت میں پیش ہوئیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے مجید الحق کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی سی لاہور، ڈائریکٹربیت المال اور افشاں لطیف کو بھی فریق بنایا گیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ افشاں لطیف کی جانب سے ویڈیو بیان میں دارالامان کی بے سہارا بچیوں سے زیادتی کے انکشافات کئے گئے ، دارالامان میں یتیم اور بے سہارا بچیوں سے زیادتی آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ سابق سپرنٹنڈنٹ کاشانہ افشاں لطیف اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں،تو عدالت نے استفسار کیا یہ خاتون کون ہیں؟ ، افشاں لطیف کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا یہ وہ خاتون ہیں جس نے سارے مبینہ راز بتائے۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے افشاں لطیف سے مکالمے  میں کہا آپ آئندہ سماعت پر آ جائیں آپ کو بھی سنیں گے۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر بیت المال کو بارہ دسمبر کو رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ سابق سپرنٹنڈنٹ کاشانہ افشاں لطیف کے الزامات پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے، تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے،جبکہ بے سہارابچیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افشاں لطیف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پورٹل سمیت ہر جگہ شکایت کی لیکن شنوائی نہ ہوئی، اس لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔