Thursday, April 25, 2024

کاریں تیار کرنے والی کمپنیوں نے چوتھی مرتبہ کاریں مہنگی کرنے کیلئے کمرکس لی

کاریں تیار کرنے والی کمپنیوں نے چوتھی مرتبہ کاریں مہنگی کرنے کیلئے کمرکس لی
June 28, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) کاریں  تیار کرنے والی کمپنیوں نے چھ ماہ کے دوران چوتھی مرتبہ کاریں مہنگی کرنے کیلئے کمرکس لی ہے۔ ڈالر اور جاپانی ین کی قدر میں اضافے کی آڑ میں کاریں 30ہزار تا 1 لاکھ روپے تک مہنگی کی جائینگی۔ ڈالر کی قدر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی کے  باعث  عوام کی مشکلات پہلے ہی ٹلنے کا نام نہیں لے رہی  تھی کہ  کاریں تیار کرنے والی کمپنیوں نے بھی ایک مرتبہ پھر من مانی شروع کر دی ہے۔ وزارت صنعت وپیداوار کے حکام کے مطابق انڈس ٹویوٹا موٹرز، ہنڈا اٹلس اور پاک سوزوکی نے اپنی کاریں 30 ہزار تا 1 لاکھ روپے تک مہنگی کرنے کی تیاری کرلی ۔ پاکستان میں تیارہونیوالی کاروں کی قیمت میں 6 ماہ کے دوران یہ چوتھا اضافہ ہو گا۔ 24سال گذرنے کے باوجود کاریں تیار کرنیوالی کمپنیوں نے معاہدے کے مطابق کاروں کی پاکستان میں مکمل تیاری شروع کی اور نا ہی ٹیکنالوجی ٹرانسفر کی۔ وزارت صنعت وپیداوار کا کمزور کنٹرول اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی تحلیل کے باعث کاریں تیار کرنے والی کمپنیوں سے کوئی پوچھ گچھ کرنے والا نہیں ہے۔ گذشتہ 8 سال سے کاروں کے بیشتر ماڈلز میں کوئی تبدیلی اور اپ گریڈیشن نہیں کی گئی مگر 13 لاکھ روپے مالیت کی کار کی قیمت 19لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکال کر یہ کمپنیاں سرمایہ بیرون ملک منتقل کر رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے چیف جسٹس سے  کاروں کی قیمتوں  میں ریکارڈ اضافے کا نوٹس  لیتے ہوئے  انکوائری کروانے کی اپیل کر دی۔