Friday, April 19, 2024

کارکنوں کی گرفتاریوں پر سپریم کورٹ سوموٹو لے : عمران خان

کارکنوں کی گرفتاریوں پر سپریم کورٹ سوموٹو لے : عمران خان
October 31, 2016
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان نے کارکنوں کی گرفتاریوں پر سپریم کورٹ سے سوموٹو لینے کا مطالبہ کردیا۔ کہتے ہیں کہ ان کے کھلاڑیوں کو گرفتار نہیں اغوا کیا جا رہا ہے۔ زرداری کی بجائے شریف برادران منافق ہیں۔ جیلوں میں ڈال لو نکل کر پھر تحریک چلائیں گے۔ حکومت اپنے اقدامات کے ساتھ عدالت کا ٹرائل کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد دھرنے سے بنی گالہ کا سیاسی درجہ حرارت اپنے عروج پر ہے۔ عمران خان نے کھلاڑیوں کا لہو گرماتے ہوئے آج بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ حکومت سے للکارتے ہوئے پوچھا کہ ان کے کارکنوں کو آخر کس قانون کے تحت گرفتار کیا جا رہا ہے۔ عدالت عظمیٰ سے کھلاڑیوں کے اغوا کا سو موٹو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا حکومت اپنے اقدامات کے ساتھ عدالت کا ٹرائل کر رہی ہے۔ عمران خان نے موجودہ حکومت کی جمہوریت سے مشرف کی آمریت کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ شکر ادا کرتے ہیں کہ آج جھوٹی جمہوریت ننگی ہو گئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری منافق نہیں تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کارکنوں کے ساتھ مل کر جیل سے نکل کر دوبارہ سڑکوں پر آنے کے عزم کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ رکاوٹ کبھی تو ختم ہو گی۔ جیسے ہی ختم ہو گی ہم پھر باہر نکل آئیں گے جس دن دس لاکھ لوگ جمع ہو گئے‘ اسلام آباد لاک ڈاون ہو جائے گا۔