Sunday, September 8, 2024

کارکنوں پر وفاداری تبدیل کرنے کیلئے ریاستی دباﺅ ڈالا جا رہا ہے: فاروق ستار

کارکنوں پر وفاداری تبدیل کرنے کیلئے ریاستی دباﺅ ڈالا جا رہا ہے: فاروق ستار
March 13, 2016
کراچی (92نیوز) فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے جیلوں میں بند کارکنوں کی وفاداریاں خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریاست کا کام نہیں کہ وفاداریوں کو خریدا جائے یا ڈرایا دھمکایا جائے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم‘ وزیرداخلہ‘ وزیراعلیٰ سندھ‘ وزیرداخلہ سندھ اور راحیل شریف سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ اب تو ایسے ہتھکنڈے بھی شروع کر دیے گئے ہیں جو 92ءمیں بھی نہیں کئے گئے۔ ایم کیو ایم کے ساڑھے سات کارکن جیلوں میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مختلف سہولیات کا لالچ دیکر جیل میں بند کارکنوں کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس طرح کی کارروائی سے ریاستی اداروں کی ساکھ داو پرلگی ہے۔ فاروق ستار نے کہا انسانی حقوق کی تنظیموں اور عدالتوں کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ ہمارے قومی اور صوبائی اسمبلی کے نمائندوں کو بھی پل پار کر کے رابطے کرنے کی فون کالز کی جا رہی ہیں۔ بڑا مینڈیٹ لینے والی جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے تو اسکے اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا جوبات مان لے گاوہ پاکیزہ ہو جائےگا۔ پہلے گمان تھا اب یقین ہوگیاکہ سازش ہو رہی ہے۔ فاروق ستار نے کہا پرسوں شام کراچی جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے مل کر رینجرز نے ایم کیو ایم کارکنوں کی بیرک پر دھاوا بولا۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں پر الزامات ابھی ثابت ہوناباقی ہیں۔ ایم کیوایم کے کارکنوں پر بیرکوں سے نکال کر تشدد کیا گیا۔ ایم کیو ایم کوتوڑنے اور اس کے حصے بخرے کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔