Tuesday, April 16, 2024

کابینہ نے بجلی کے بل میں پی ٹی وی فیس بڑھانے کا معاملہ مؤخر کر دیا

کابینہ نے بجلی کے بل میں پی ٹی وی فیس بڑھانے کا معاملہ مؤخر کر دیا
July 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کابینہ نے بجلی کے بل میں پی ٹی وی فیس بڑھانے کا معاملہ مؤخر کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں فیصل واوڈا، مراد سعید، فواد چوھدری نے پی ٹی وی کی فیس میں اضافے پر اعتراض کیا۔ وزراء کا کہنا تھا کہ فیصلے سے قبل عوام کو بتایا جائے کہ سرکاری ٹی وی پر 14 ارب کا خسارہ ہے ۔ اسد عمر نے کہا کہ کوئی شک نہیں فیصل واوڈا کی وزارت کی کارکردگی بہتر ہے ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈیم کے معاملے پر دہائیوں بعد کام کا آغاز ہوا ،وفاقی وزراء نے اسد عمر کی بات کی تائید کی ۔ وزراء نے کہا کہ معاونین اور مشیروں کے اثاثے غیرضروری ایشو بن گیا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ درست کہہ رہے ہیں آپ کی وزارت نے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ وفاقی وزرا نے کہا کہ نان ایشوز کو ایشوز بنانے سے حکومتی بیانیہ کمزور ہوتا ہے ، معاونین اور مشیروں کے اثاثوں کا معاملہ غیرضروری طور پر ایشوبن گیا۔ ادھر وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ پی ٹی وی کی فیس 100 روپے کرنے کا فیصلہ مؤخرکرنا پڑ رہا ہے، سابقہ ادوار میں پی ٹی وی میں غیرضروری بھرتیوں نے ادارے کو زمین بوس کردیا۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ٹی وی کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، ادارے کو دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے بہت بڑی سرمایہ کاری درکار ہے۔ ادارے کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے فیس بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنشنرز، تنخواہوں کے مسائل حل کرنے کیلئے بہت بڑی سرمایہ کاری چاہئے، پیپلزپارٹی، ن لیگ کے دور میں پی ٹی وی میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں۔ وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پچھلے ہفتے دیامر بھاشا ڈیم کا کام آگے بڑھانے کیلئے اقدام اٹھایا گیا،ایوب خان کے دور کے بعد اتنا بڑا پراجیکٹ شروع نہیں کیا گیا تھا۔ ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔