Friday, April 26, 2024

کابینہ نجکاری کمیٹی میں مشیروں کی شمولیت کیخلاف کیس،عشرت حسین ، عبدالرزاق کو نوٹسز جاری

کابینہ نجکاری کمیٹی میں مشیروں کی شمولیت کیخلاف کیس،عشرت حسین ، عبدالرزاق کو نوٹسز جاری
July 14, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کابینہ نجکاری کمیٹی میں وزیراعظم کے خصوصی مشیروں کی شمولیت کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، اسلام آباد ہائی کورٹ نےمشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کو نوٹس جاری  کردیا۔

کابینہ کی نجکاری کمیٹی کی تشکیل کے خلاف ن لیگ کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے کی ، وکیل بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے دلائل میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی کمیٹی میں شمولیت کو غیرآئینی قرار دے دیا۔

موقف اپنایا کہ کابینہ کمیٹی کے ممبران کا رکن پارلیمنٹ ہونا ضروری ہے ، مشیر آئین کے تحت حلف نہیں اٹھاتے اس لیے آئین، جمہوریت کے محافظ نہیں ہوتے ، وزیراعظم کے مشیروں پر اہلیت اور نااہلی کی آئینی شقوں کا بھی اطلاق نہیں ہوتا۔

جسٹس عامر فاروق نے درخواستگزار کو مخاطب کیا اور ریمارکس دئیے آپ کہہ رہے کمیٹی میں قومی اسمبلی کے ممبران ہونے چاہئیں ،بہت سارے کیسز ایک ہی نوعیت کے یہاں زیر التوا ہیں ، نیشنل فنانس کمیشن اور معاونین خصوصی سے متعلق کیسز بھی زیر التوا ہیں ،اس کو بھی ڈویژنل بنچ میں سماعت کیلئے مقرر کردیتے ہیں ۔

عدالت نے تینوں مشیروں، کابینہ ڈویژن، خزانہ کے سیکرٹریز اور وفاقی حکومت کو  نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔