Friday, April 19, 2024

کابینہ اجلاس میں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، فردوس عاشق اعوان

کابینہ اجلاس میں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، فردوس عاشق اعوان
August 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کابینہ اجلاس میں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا وزیراعظم نے قوم سے خطاب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ کابینہ نے جمعتہ المبارک کو قومی یکجہتی منانے کے فیصلے کی توثیق کی ۔ انہوں نے کہا کشمیر کی خاطر پوری قوم کا سڑکوں پر نکلنا دنیا کو ڈومور کا پیغام ہو گا۔ جمعہ کے روز تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کشمیر ایشو کو عالمی سطح پر ایک تحریک میں بدلنے کے وزیراعظم کے جذبے کی تعریف کی گئی۔ کشمیر پر بنائے گئے فوکل گروپ میں مشاہد حسین سید اور نوید قمر کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات بولیں کابینہ اجلاس کے پہلے گھنٹے میں وزارتوں کی جانب سے عوام فلاحی منصوبوں پر بات ہوئی ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ فارن آفس میں کاغذات کی تصدیق کے لیے قطار میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔ وزیر مواصلات نے انٹرسٹی بسوں میں معذور افراد کے لیے سیٹیں مختص کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ مراد سعید نے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر پاکستان پوسٹ کے ذریعے بغیر فیس کے بھیجی جا سکتی ہیں۔