Friday, May 17, 2024

کابینہ اجلاس میں تین وزراء میں تلخ کلامی ، بات جھگڑے تک پہنچ گئی

کابینہ اجلاس میں تین وزراء میں تلخ کلامی ، بات جھگڑے تک پہنچ گئی
September 23, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) گزشتہ روز ہونیوالے کابینہ اجلاس میں تین اہم وزرا میں جھڑپ ہوتے ہوتے رہ گئی، اسد عمرنے شیریں مزاری اور ندیم بابر پرالزامات لگائے، بات جھگڑے تک پہنچی تو وزیراعظم نےمداخلت کر دی۔

کابینہ اجلاس میں وزراء کے درمیان تلخ کلامی، تین اہم کھلاڑی آمنے سامنے آگئے ۔  دوران اجلاس اسد عمر کا شیریں مزاری اور ندیم بابر کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ، بات اتنی بڑھی کے تینوں وزرا کے درمیان جھڑپ ہوتے ہوتے رہ گئی۔

ذرائع کے مطابق شیریں مزاری نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ ہمیں ایجنڈا پورا نہیں پڑھنے دیتے، جس پر اسد عمر کو غصہ آگیا، بولے سب سے زیادہ شیریں مزاری بولتی ہیں، ان کے بولنے سے مسائل ہوتے ہیں، شیخ رشید نے بھی بات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ شیریں مزاری بعض اوقات اپنے آپ کو امپوز کرتی ہیں۔

اسد عمر نے توپوں کا رخ ندیم بابر کی طرف کیا  اور ان پر پٹرولیم مصنوعات اور گیس کے معاملے پر غلط بیانی کا الزام لگا دیا،ندیم بابر نے جواب میں اسد عمر پر غلط بیانی کا الزام لگایا۔

ماحول گرم ہونے پر وزیراعظم کو مداخلت کرنا پڑی ، عمران خان نے وزرا کو خاموش کرایا اور سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وزرا کو غیر ضروری بیانات سے روک دیا ۔ وزیراعظم نے تنبیہ کی کہ کوئی وزیر فضول بات نہ کرے، وزیر کی کوئی ذاتی رائے نہیں ہوتی۔

 عمران خان نے مذہب کے معاملے پر بھی وزرا کو بیان بازی سے روکتے ہوئے کہا کہ مذہب انتہائی حساس معاملہ ہے، پوری جانکاری نہ ہو تو بات کرنے کی ضرورت نہیں۔