Friday, March 29, 2024

کابل کے لگژری ہوٹل پر حملے کا 12 گھنٹے بعد ڈراپ سین

کابل کے لگژری ہوٹل پر حملے کا 12 گھنٹے بعد ڈراپ سین
January 21, 2018

کابل (92 نیوز) افغان دارالحکومت کابل کے لگژری ہوٹل پر حملے کا بارہ گھنٹے بعد ڈراپ سین۔ سکیورٹی فورسز نے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ حملے میں پانچ افراد ہلاک اور چھے زخمی ہوئے۔

افغان میڈیا کے مطابق خودکار ہتھیار اور گرینیڈ سے لیس تین حملہ آوروں نے گزشتہ رات کابل کے لگژری ہوٹل پر دھاوا بول دیا جس کے بعد فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس دوران ملزمان نے ہوٹل کی چوتھی منزل کو بھی آگ لگادی۔

افغان وزارت داخلہ نے آپریشن ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ اکتالیس غیر ملکیوں سمیت ایک سو تریپن افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ کسی تنظیم نے تاحال حملے کی زمہ داری قبول نہیں کی۔

دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ نے کابل حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔