Sunday, September 8, 2024

کابل میں ٹرک بم دھماکہ، پندرہ افراد ہلاک، سو سے زائد زخمی، مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے: افغان حکام

کابل میں ٹرک بم دھماکہ، پندرہ افراد ہلاک، سو سے زائد زخمی، مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے: افغان حکام
August 7, 2015
کابل (ویب ڈیسک) افغان دارالحکومت کابل میں ٹرک بم دھماکے اور قندھار میں پولیس سٹیشنوں پر حملوں کے نتیجے میں تئیس افراد ہلاک اور ایک سو بارہ سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ جمعہ کو علی الصباح دارالحکومت میں ٹرک بم دھماکے سے پندرہ افراد ہلاک اور ایک سو بارہ سے زائد زخمی ہوئے۔ افغان وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان وحید اللہ مایار نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال لایا جا رہا ہے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ نائب وزیر داخلہ محمد ایوب سالانگی کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ٹرک میں رکھا گیا تھا جس سے زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ طالبان قیادت کی تبدیلی کے بعد افغانستان میں ایک بار پھر طالبان حملے شروع ہو گئے ہیں۔ طالبان قیادت کی تبدیلی کے بعد افغانستان میں دوبارہ حملے طالبان کی صفوں میں انتشار اور رقابت کا پتہ دیتے ہیں۔