Sunday, September 8, 2024

کابل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دو خودکش حملے‘ 40 اہلکار ہلاک

کابل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دو خودکش حملے‘ 40 اہلکار ہلاک
June 30, 2016
کابل (ویب ڈیسک) افغانستان میں پولیس قافلے پر خودکش بمباروں کے حملے کے نتیجے میں چالیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکوں کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کا دارالحکومت کابل ایک بار پھر خوفناک دھماکوں سے لرز اٹھا۔ خود کش بمباروں نے کابل کے مغربی علاقے میں پولیس کیڈٹوں کی بسوں کو نشانہ بنایا۔ پولیس حکام کے مطابق کیڈٹس صوبہ وردک سے تربیت مکمل کر کے واپس آ رہے تھے۔ پہلے حملے میں پولیس کیڈٹس اور ان کے انسٹرکٹرز کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد امدادی کارکن اور سکیورٹی اہلکار وہاں پہنچے تو دوسرے خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ان کی گاڑیوں سے ٹکرا دی۔ دھماکوں کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔ خودکش حملے ایسے وقت ہوئے جب وارسا میں نیٹو کا سربراہ اجلاس ہونے والا ہے جس میں افغانستان کی صورتحال پر غور کیاجائےگا۔ پاکستانی دفترخارجہ نے خودکش دھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خودکش دھماکوں کی مذمت کی اور کہاکہ انسانیت کے قتل عام پر عالمی برادری کب سنجیدگی اختیار کرے گی۔