Saturday, April 20, 2024

کابل : طالبان کا افغان پارلیمنٹ پر بھرپور حملہ، عمارت کو آگ لگ گئی، 21زخمی

کابل : طالبان کا افغان پارلیمنٹ پر بھرپور حملہ، عمارت کو آگ لگ گئی، 21زخمی
June 22, 2015
کابل (ویب ڈیسک) افغان پارلیمنٹ پر اجلاس کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے پارلیمنٹ کی عمارت کو گھیرے میں لے کر ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ افغان پولیس کے مطابق واقعہ میں اکیس افراد زخمی ہوئے جبکہ دو خود کش بمباروں نے خود کو اڑا لیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے پارلیمنٹ کی عمارت پر اجلاس کے دوران دھاوا بول دیا۔ یکے بعد دیگرے چار دھماکے کئے جس سے عمارت کو نقصان پہنچا اور ارکان میں بھگدڑ مچ گئی۔ سکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے لیا اور ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ تین گھنٹے جاری رہا۔ پولیس کے مطابق اس دوران دو خودکش بمباروں نے خود کو اڑا دیا جس سے اکیس افراد زخمی ہوئے۔ افغان پولیس چیف کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد سات تھی جن میں سے دو خود کش بمبار تھے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پارلیمنٹ پر حملے کے بعد عمارت کے ایک حصے میں آگ لگ گئی۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران کارروائی کی گئی آئندہ بھی ایسی کارروائیاں کی جائیں گی۔