Saturday, May 11, 2024

کابل، طالبان انچارج کی حامد کرزئی و عبداللہ عبداللہ سے ملاقات، عام شہریوں کو تحفظ دینے پر اتفاق

کابل، طالبان انچارج کی حامد کرزئی و عبداللہ عبداللہ سے ملاقات، عام شہریوں کو تحفظ دینے پر اتفاق
August 22, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد معمولات زندگی رواں دواں ہیں، کابل میں طالبان کے انچارج اور حامد کرزئی و عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں عام شہریوں کو تحفظ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

افغانستان میں نئی حکومت سازی کیلئے طالبان کے شریک بانی ملا عبدالغنی برادرکی کابل میں موجودگی میں معمولات زندگی جاری ہیں، دارالحکومت میں سڑکوں پر طالبان کی تعداد میں کمی کردی گئی، کابل شہر معمول سےبھی زیادہ پرامن معلوم ہو رہا ہے۔

صوبہ کابل کے طالبان انچارج عبدالرحمن منصور نے سابق افغان صدر حامد کرزئی اور افغانستان کی اعلیٰ مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی، جس میں لوگوں کی جان و مال اورعزت و آبرو کے تحفظ پر اتفاق کیا گیا۔

روسی صدر ولادی میر پوٹن اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان فون پررابطہ ہوا ہے، دونوں صدور نے مستقبل میں کابل ایئرپورٹ کی انتظام کاری، نئی افغان حکومت، اور طالبان اور افغان رہنماؤں کے درمیان مذاکرات سے متعلق امور پر بھی بات کی۔

ادھر امریکا نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کابل ائیر پورٹ پر جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں ممکنہ طور پر افغانستان میں موجود دولتِ اسلامیہ کا گروہ حملہ کر سکتا ہے، صرف امریکی حکومت کے ان نمائندوں کو سفر کرنا چاہیے جنہیں انفرادی طور پر وہاں جانے کو کہا گیا ہے۔

افغانستان کی صورتحال پراسلامی ممالک بھی متحرک ہوگئے، اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس آج جدہ میں بلا یا گیا ہے، اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر منعقد کیا جارہا ہے۔