Friday, April 26, 2024

کابل بشمول واشنگٹن افغانستان کو درپیش چیلنجز پر توجہ دیں، ملیحہ لودھی

کابل بشمول واشنگٹن افغانستان کو درپیش چیلنجز پر توجہ دیں، ملیحہ لودھی
January 20, 2018

نیو یارک (92 نیوز) پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ کابل اور اس کے اتحادی بشمول واشنگٹن الزام تراشی کے بجائے افغانستان کو درپیش چیلنجز پر توجہ دیں۔
پاکستان پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کا جھوٹا الزام پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کا دو ٹوک جواب سامنے آ گیا۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ یہ سوچنا خام خیالی ہے کہ افغانستان میں طاقت اور دباؤ کی حکمت عملی کام کر جائے گی۔ سترہ برس کی تاریخ بتاتی ہے کہ وہاں ایسا نہیں چلے گا۔
اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ جو یہ سوچتے ہیں کہ افغانستان سے باہر دہشتگردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں انہیں حقائق کا جائزہ لینا چاہیے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ افغانستان کا چالیس فیصد حصہ حکومتی کنٹرول سے باہر ہے اور جہاں محفوظ پناہ گاہیں اور منشیات کے کاروبار سے آمدن آتی ہو تو وہاں دہشتگردوں کو بیرونی مدد کی ضرورت نہیں۔
ملیحہ لودھی نے بھارتی مندوب سید اکبر الدین کو بھی دو ٹوک جواب دیا جس نے افغانستان میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ مائنڈ سیٹ کی تبدیلی کی بات کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، بھارت پاکستان کیخلاف تخریب کاری میں ملوث رہا جس کا ثبوت دہشتگرد کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ افغان جنگ سے نکلنے والی دہشتگردی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا۔ افغانستان میں پائیدار امن کا اتنا ہی فائدہ پاکستان کو بھی ہے جتنا افغانستان کو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردوں کو شکست دے رہا ہے لیکن اس کے مکمل خاتمے کا دارومدار افغان سرحد پر موثر کنٹرول سے ہے۔ پاکستان نے اپنی طرف سے بارڈر مینجمنٹ کیلئے سخت اقدامات کیے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ افغانستان بھی ایسا ہی کرے گا۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغان طالبان تشدد کا راستہ چھوڑ کر مذاکرات کی میز پر آئیں۔