Thursday, March 28, 2024

کابل ایئرپورٹ پر پھنسے پی آئی اے کے دونوں طیارے وطن واپس پہنچ گئے

کابل ایئرپورٹ پر پھنسے پی آئی اے کے دونوں طیارے وطن واپس پہنچ گئے
August 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کابل ایئرپورٹ پر پھنسے پی آئی اے کے دونوں طیارے وطن واپس پہنچ گئے۔ اسلام آباد پہنچنے والے پہلے بوئنگ ٹرپل ون طیارے میں تین سو ستائیس افراد سوار تھے۔

دونوں پروازوں پر 500 مسافر افغانستان سے پاکستان پہنچے۔ واپس آنے والوں میں پاکستانی شہری اور غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ صورتحال خراب ہونے پر پروازوں کی واپس اڑان میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی۔ واپس آنے والے مسافروں نے کابل کی خراب صورتحال سے پردہ اٹھایا۔ مسافروں کا کہنا تھا شہریوں کو کشیدگی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

کابل میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان کا کہنا ہے ہم وطنوں ، افغان اور غیر ملکی شہریوں کو قونصلر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان جانے کے خواہشمند افراد کے لئے پی آئی اے اور سرکاری حکام سے بات کی ہے۔ چاہتے ہیں اضافی پروازیں چلائی جائیں۔ افغان صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو خصوصی طور پر ویزا سہولت دے رہے ہیں۔ سفارتخانوں، عالمی تنظیموں، میڈیا کو عارضی طور پر عملے کی پاکستان منتقلی میں مدد دیں گے۔