Friday, March 29, 2024

کائنات کی ابتدا اور بقا حضورﷺ کے توسط سے ہے، ڈاکٹر طاہر القادری

کائنات کی ابتدا اور بقا حضورﷺ کے توسط سے ہے، ڈاکٹر طاہر القادری
December 1, 2017

لاہور (92 نیوز) تحریک منہاج القران کے تحت لاہور میں تاجدار ختم نبوت کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں نیلسن مینڈیلا کے نو مسلم پوتے مانڈلامنڈیلا نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کائنات کی ابتدا اور بقا حضورﷺ کے توسط سے ہے۔
مینار پاکستان کے سائے تلے تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے آغاز میں ممتاز نعت خوان حضرات نے حضور نبی اکرم ﷺ کی بار گاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور قرأ حضرات نے شیریں زبان میں قرآن پاک کی تلاوت پیش کر کے ہزاروں شرکاء کے دلوں کو منور کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری سیرت نبوی ﷺ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ آپ ﷺ نے اپنی ذات کیلئے کسی سے بدلہ نہیں لیا مگر مظلوم کے مقابلہ میں کسی ظالم کو معاف نہیں کیا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی اساس اور اس کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے۔ اللہ نے جو فیصلے صادر فرما دئیے کوئی قیامت تک انہیں نہیں بدل سکتا۔
تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبول اسلام خوش بختی ہے۔ خوشی ہے وہاں کھڑا ہوں جہاں پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔
تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام پڑھا گیا اور آتشبازی کا مظاہرہ بھی ہوا۔