Saturday, April 27, 2024

کئی ممالک کی انٹیلی جنس نے خشوگی کی موت کی تصدیق کی، ٹرمپ

کئی ممالک کی انٹیلی جنس نے خشوگی کی موت کی تصدیق کی، ٹرمپ
October 19, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مختلف ممالک کی انٹیلی جنس رپورٹس سے لگتا ہے جمال خشوگی کو مارا گیا۔ سعودی صحافی جمال خشوگی کی پر اسرار گمشدگی پر ٹرمپ انتظامیہ بھی سعودی عرب  سے دور ہونے لگی۔ میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا مختلف ممالک کی انٹیلی جنس  رپورٹس سے لگتا ہے کہ جمال خشوگی کو مارا گیا ہے۔ اگر سعودی عرب کی قیادت اس میں ملوث ہوئی تو اُنہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا جمال خشوگی کی گمشدگی کی تحقیقات کیلئے سعودی عرب کو چند روز اور دئیے ہیں اور مکمل نتائج آنے پر اپنا ردعمل دیں گے۔ دوسری جانب ترک حکام نے استنبول  سے متصل بیلگراڈ جنگل میں جمال خشوگی کی تلاش شروع کر دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سعودی صحافی کو قتل کرنے کے بعد لاش جنگل میں پھینک دی گئی تھی۔ روس نے معاملے پر محتاط رویہ اپنایا ہوا ہے۔ صدر ولادمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ  جمال خشوگی کی گمشدگی سے متعلق  معلومات نامکمل ہیں۔ اس بنا پر  سعودی عرب سے تعلقات خراب نہیں کر سکتے۔