Tuesday, May 7, 2024

کئی علاقوں میں بارش‘ شمالی علاقوں میں برف باری سے سردی میں اضافہ

کئی علاقوں میں بارش‘ شمالی علاقوں میں برف باری سے سردی میں اضافہ
December 12, 2015
کوئٹہ (92نیوز) ملکہ کوہسار مری اورکوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ کالام‘ مالم جبہ، چمن اور چترال سمیت کئی علاقوں میں پہاڑوں پر گرتی برف نے ملک بھر میں سردی کی شدت بڑھا دی جبکہ برف باری کا لطف لینے سیاحوں کی بڑی تعداد پہاڑی علاقوں میں پہنچ رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے۔ آسمان سے گرتے روئی کے نرم گالوں نے سیاحت کا لطف دوبالا کر دیا۔ ملکہ کوہسار مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات مانسہرہ ، کاغان ، ناران اور شوگراں میں بھی برف بار ی کا سلسلہ جاری ہے۔ سوات ، مالم جبہ اور مالا کنڈ ڈویژن کے پہاڑوں پر برف باری کے ساتھ ساتھ یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔ برف باری نے سوات کی حسین وادی مالم جبہ کی دلکشی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔ سرد موسم کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد جنت نظیر وادی کے نظاروں سے لطف اندوز ہورہی ہے۔ وادی کشمیر ، چمن، چترال اور مظفر آباد سمیت پہاڑی علاقوں پر ہونے والی برف باری کا اثر میدانی علاقوں تک بھی پہنچ رہا ہے۔ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ صبح اور شام کے اوقات میں چھانے والی گہری دھند نے بھی دسمبر کو سرد کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوات میں برف باری کا سلسلہ رواں ہفتے جاری رہے گا جبکہ میدانی علاقوں کے درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔