Sunday, September 8, 2024

کئی شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے .... حد نگاہ صفر

کئی شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے .... حد نگاہ صفر
January 19, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں شدید دھند‘ کئی مقامات پر موٹر وے بند‘ ٹریفک کی روانی متاثر‘ بےنظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدو رفت معطل۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب دھند میں گم ہو گیا۔ فیصل آباد کے گردونواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہے۔ راولپنڈی بےنظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پردھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہے۔ اسلام آباد آنیوالی فلائٹس کو لاہور اور دیگر شہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔ ملتان میں دھند کے باعث اندرون اوربیرون ملک سے آنےوالی پروازیں تاخیر کاشکار ہیں۔ ایم ٹو پر لاہور سے اسلام آباد آنیوالی ٹریفک کو قافلے کی شکل میں لایا جا رہا ہے۔ بہاول پور میں چنی گوٹھ سے لودھراں تک شدید دھند کے باعث حد نگاہ 10میٹر رہ گئی جبکہ میانوالی شہر اور گردونواح میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ موسم سرما میں عموماً دھند صبح اور رات کے اوقات میں فضا کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ شدید دھند میں ایسا سماں ہوتا ہے کہ جیسے بادلوں اور زمین نے سفید چادر اوڑھ لی ہو۔ چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض دھند کے بارے میں بتاتے ہیں کہ جب زمین کا درجہ حرارت شدید ٹھنڈا ہوجائے تو وہاں دھند پیدا ہوتی ہے اور یہ بالکل بادلوں کی ایک قسم ہے جس میں پانی کے بخارات ہوتے ہیں۔ دھند کے صحت پر بھی مضر اثرات ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر احمد رضا کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں کھانسی‘ نزلہ‘ زکام اور جلدی بیماری میں ا ضافہ کے امکان بڑھ جاتے ہیں۔ ویسے تو دھند کے دنوں میں عوام کو کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے لیکن سب سے بڑی پریشانی دھند میں سفر کرنے والوں کو پیش آتی ہے۔ حد نگاہ کم اور کئی مرتبہ صفر ہونے کی وجہ سے سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند زیادہ تر میدانی علاقوں میں پائی جاتی ہے اور اس کا حالیہ سلسلہ مزید دو سے تین روز تک چلے گا۔