Thursday, April 25, 2024

ڈیڈ لاک ختم ، پی پی فوجی عدالتوں کی مدت دو سال کرنے پر رضا مند

ڈیڈ لاک ختم ، پی پی فوجی عدالتوں کی مدت دو سال کرنے پر رضا مند
March 9, 2017
اسلام آباد(92نیوز)فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر ڈیڈ لاک ٹوٹ گیا پیپلزپارٹی عدالتوں کی مدت دو سال کرنے پر رضا مندہوگئی ۔  سیشن جج کو بٹھانے کے مطالبے سے دستبردار ہوگئی جبکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں حکومت کل قومی اسمبلی میں دو بل پیش کریگی  ایک آئینی ترمیم دوسرا آرمی ایکٹ میں ترمیم کا۔ تفصیلات کےمطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمانی رہنماﺅں کا اجلاس ہوا اس بارپیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ پیپلزپارٹی فوجی عدالتوں کی مدت 2سال کرنے پر رضا مند جبکہ ان عدالتوں میں سیشن جج کوبٹھانے کے مطالبے سے دستبردارہوگئی۔ ایم کیو ایم نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے پرانا مسودہ بحال کرنے کی تجویز دیدی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کل قومی اسمبلی میں فوجی عدالتوں کابل پیش کریگی پیپلزپارٹی کی چند تجاویزتکنیکی ہیں قانون شہادت پرکوئی اعتراض نہیں۔ اسحاق ڈار کایہ بھی کہنا تھا کہ وزیرقانون زاہد حامد فوجی عدالتوں میں توسیع کا آئینی ترمیمی مسودہ تیار کرینگے۔ اجلاس کے د وران بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نئے آئینی مسودے پر اتفاق ہو گیا اب گڑبڑ ہوگی تومسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی والے ہی کرینگے۔