Friday, April 19, 2024

پاک افغان بارڈر طورخم پر غیرقانونی آمدورفت بند‘ ویزا پالیسی نافذ کر دی گئی

پاک افغان بارڈر طورخم پر غیرقانونی آمدورفت بند‘ ویزا پالیسی نافذ کر دی گئی
June 1, 2016
خیبرایجنسی (92نیوز) خیبرایجنسی میں پاک افغان سرحد طورخم بارڈر عبور کرنے کےلئے آج سے ویزا لازمی قرار دے دیا گیا۔ بغیرقانونی سفری دستاویزات کے پاکستان اور افغانستان کے درمیان آمدورفت بند کردی گئی۔ طورخم سرحد پرامیگریشن، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے کاﺅنٹر قائم کردیے گئے۔ ویزا نہ رکھنے والے سینکڑوں افغان باشندے سرحد پار انتظار کرتے رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان دونوں ممالک کے شہریوں کی غیرقانونی آمد و رفت مستقل بند کر دی گئی۔ خیبرایجنسی میں پاک افغان بارڈر طورخم پرآج سے ویزا پالیسی نافذ کردی گئی ہے جس سے بغیرقانونی سفری دستاویزات کے کوئی بھی پیدل یا گاڑی میں بارڈر عبور نہیں کرسکتا۔ طورخم میں امیگریشن، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے کاﺅنٹرقائم کر دیے گئے ہیں۔ بارڈر عبور کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ویزا پالیسی سے آمدورفت مشکل ہو گئی ہے۔ پاکستان آنے کے خواہش مند ویزا پالیسی لاگو ہونے کا علم نہ رکھنے والے سینکڑوں افغان باشندے سرحد پار انتظار کرتے رہے۔ بارڈر عبور کرنے کے خواہش مندوں کا مطالبہ تھا کہ دونوں ممالک ویزا کے حصول میں آسانی اور فیس میں کمی کریں۔ پاک افغان سرحد طورخم کے راستے دونوں ممالک کے درمیان ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کی آمد ورفت ہوتی تھی۔ ویزا پالیسی کے نفاذ سے طورخم پرغیرقانونی آمدورفت کا راستہ اب بند ہو گیا ہے۔