Thursday, March 28, 2024

ڈیوڈ ویزے اور کرس لین لاہور قلندرز کو خیرباد کہہ گئے

ڈیوڈ ویزے اور کرس لین لاہور قلندرز کو خیرباد کہہ گئے
March 16, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کورونا سے متاثرہ پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل مرحلے میں ملتان سلطانز،کراچی کنگز،لاہورقلندرز اورپشاور زلمی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے مگر ڈیوڈ ویزے اور  کرس لین  لاہور قلندرز کو خیر باد کہہ گئے۔ پی ایس ایل فائیو کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل  ہو گئی ،17مارچ کو ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل جبکہ 18مارچ  کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل کھیلا جائے گا ۔ پہلے  سیمی فائنل میں دوپہر دو بجے   ملتان سلطانز اور پشاور زلمی  ایکشن میں نظر آئیں گی ، ملتان سلطانز نے دونوں  گروپ  میچوں میں پشاور زلمی کو شکست دی۔ دوسرے  سیمی فائنل میں  شام سات بجے روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز  میں  جوڑ پڑے گا،کراچی کنگز اپنے پہلے ٹائٹل کی تلاش میں ہے تو لاہور قلندرز نے پی ایس ایل  کے  سیمی فائنل مرحلے میں پہلی بار  جگہ بنائی  ہے۔ جاری ایونٹ میں دونوں ٹیمیں دو بار امنے سامنے آئیں اور دونوں نے  ایک ایک میچ اپنے نام کررکھا ہے ۔ ادھر سیمی فائنل  سے  پہلے لاہورقلندرز کو  بڑا دھچکا لگ گیا  ،تجربہ کار جنوبی افریقی آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے  اور جارح مزاج آسٹریلین بلے باز کرس لین   نے کرونا کے ڈر سے ٹیم کو خیر باد کہہ کر اپنے اپنے ملکوں کو واپسی کرلی ۔ کرس لین کی دھواں دار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز سیمی فائنل میں پہنچا  تھا۔ ان دونوں سے قبل  کورونا  کے خوف میں مبتلا  مختلف ٹیموں میں شامل 14غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل چھوڑ کر اپنے اپنے ملکوں کو واپس لوٹ گئے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن آخری لیگ میچ کھیل کر رخصت ہوئے۔ لاہور قلندرز کے بین ڈنک،سیمت پٹیل، کراچی کنگز کے کیمرون ڈلپورٹ ،چیڈوک والٹن،ملتان سلطانز کے معین علی،عمران طاہر  اور روی بوپارہ  ابھی تک اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ ہیں جبکہ پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان چھوڑ چکے ہیں ۔