Thursday, May 9, 2024

ڈینیئل پرل قتل کیس، سندھ حکومت کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور

ڈینیئل پرل قتل کیس، سندھ حکومت کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور
September 28, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ڈینیئل پرل قتل کیس میں سندھ حکومت کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور کرلی گئیں، عدالت نے ڈینیئل پرل کے والدین کی فریق بننے کی استدعا بھی منظور کر لی۔ عدالت نے عمر شیخ سمیت تمام ملزمان کو آئندہ ہفتے تک رہا کرنے سے روک دیا۔ سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس قاضی امین نے سندھ حکومت کے وکیل فاروق نائیک کو کہا کہ آپکے دلائل سے قبل دو باتیں بتانا چاہتے ہیں، مفروضوں پر بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار نہیں دیں گے۔ آپ نے پورے کیس کی کڑیاں جوڑنی ہیں۔ ایک کڑی بھی ٹوٹ گئی تو آپکا کیس ختم ہوجائے گا۔ سندھ حکومت کے وکیل فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 23 جنوری 2002 کو ایک ای میل کی گئی۔ ای میل میں ڈینیئل پرل کے اغواء برائے تاوان کا ذکر موجود ہے۔ ٹیکسی ڈرائیور ناصر عباس نے مجسٹریٹ کے سامنے شناخت پریڈ میں ملزمان کی شناخت کی۔ سندھ حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عمر شیخ کو 13 فروری 2002 کو گرفتار کیا گیا۔ 22 اپریل 2002 کو ملزمان پر چارج فریم ہوا۔ عدالت نے سندھ حکومت کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ڈینیئل پرل کے والدین کی فریق بننے کی استدعا منظور اور عمر شیخ سمیت تمام ملزمان کو آئندہ ہفتے تک رہا کرنے سے روک دیا۔ مزید سماعت آئندہ بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔