Monday, May 13, 2024

ڈینگی کے بڑھتے کیسز،وزیراعلیٰ کا ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا حکم

ڈینگی کے بڑھتے کیسز،وزیراعلیٰ کا ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا حکم
September 5, 2019
لاہور ( 92 نیوز) ڈینگی مچھرکے پھرسے پرنکل آئے،متاثرین کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پراضافہ ہونے لگاہے،ڈینگی کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجودانسداد ڈینگی سرویلنس ٹیمیں ٹس سے مس نظرنہیں آتیں جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے  برہمی کااظہارکرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ لاہور اور راولپنڈی میں ڈینگی لاروابرآمد ہونے پرکارروائیاں  جاری ہیں،اس کے باوجود ڈینگی بخارکے کیسزمیں اضافہ ہونے لگا ، لاہورکے اسپتال میں ڈینگی لاروابرآمد ہونے پر انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔ ضلعی حکومت کےترجمان کےمطابق شہرمیں 950 مقامات پر ڈینگی لارواکی نشاندہی کی گئی ہے اور 38 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ۔ ڈی سی صالحہ سعید نےتمام اسسٹنٹ کمشنرز ، سی ای او ہیلتھ کو فیلڈ میں چیکنگ کی ہدایات جاری کردی ہیں ، ادھراسپیشل برانچ کی ایک رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں  ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود انسداد ڈینگی سرویلنس ٹیمیں غیرمتحرک ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسپتالوں میں ڈینگی بخار کی اقسام کی تشخیص کے لیے جینو ٹائپ کرنے کے ٹیسٹ کی سہولت ہی نہیں ، ڈاکٹروں اور نرسوں کی پچاس فیصد نشستیں خالی پڑی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈینگی بخارکے متاثرین کی تعداد میں اضافے پرسخت برہمی کااظہارکیا ہے ،  سردارعثمان بزدار نے چیف سیکرٹری کو تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے اوران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں سردارعثمان بزدارکاکہنا تھا کہ ڈینگی کی وجہ سے راولپنڈی میں  صورتحال خطرناک ہوگئی،انہوں نے جنگی بنیادوں پر ڈینگی کے سدباب کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔