Sunday, May 19, 2024

ڈینگی وائرس سے مزید چار افراد جاں بحق

ڈینگی وائرس سے مزید چار افراد جاں بحق
October 7, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بھر میں ڈینگی وائرس نے خطرناک صورت اختیار کرلی، وائرس کے شکار مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ، جاں بحق ہونے والے مریض کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشی ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان سے درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈینگی وائرس  اور مچھر تاحال بے قابو ہیں جن کے باعث  ہلاکتوں میں اضافہ ہونے لگا، ڈینگی کے شکار مزید 4مریض جان کی بازی ہار گئے، ڈینگی کا شکار کراچی کے علاقے منگھو پیر کا رہائشی25 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا، اسلام آباد میں 19 سالہ وسیم اور راولپنڈی میں 25سالہ ریاض اور 37 سالہ شہزاد دوران علاج دم توڑ گئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں ڈینگی سے متاثرہ درجنوں مریض سامنے آئے ہیں ، پنجاب میں ڈینگی بخار کے مزید 191 کیس  سامنے آئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 5 ہزار ستر ہوگئی، راولپنڈی میں 152،لاہور اور فیصل آباد میں تین، تین،چکوال اور اٹک میں چار چار افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے مزید 43 کیس رپورٹ ہوئے ، ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد چار ہزار چار سو سے تجاوز کر گئی ،صرف پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2058 ہوگئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ میں بھی ڈینگی  کے درجنوں  نئے کیس سامنے آگئے،، ملک بھر میں ڈینگی کی وبا کے باعث اسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگی ہے ،  دوسری طرف تمام دعوؤں کے باوجود  حکومتی مشینری بھی ناکام نظر آرہی ہے۔