Thursday, May 9, 2024

ڈینگی مچھر مزید 4 جانیں لے گیا، ہلاکتیں 14 ہوگئیں

ڈینگی مچھر مزید 4 جانیں لے گیا، ہلاکتیں 14 ہوگئیں
September 23, 2019
لاہور(92 نیوز) ڈینگی مچھر مزید4جانیں لے گیا، ہلاکتیں 14 ہوگئیں، 24 گھنٹوں میں 500 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے، ڈینگی کے مجموعی متاثرین کی تعداد10ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ”ہائے رے ڈینگی“ ملک میں ہر طرف ڈینگی کے حملے جاری ہیں، حکومت نے ڈینگی کنٹرول سے باہر ہونے کا اعتراف کرلیا۔ مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے آئندہ دنوں میں مریض بڑھیں گے، روک تھام کیلئے اقدامات شروع کرکے اسلام آباد میں ڈینگی کنٹرول سنٹر قائم کر دیا، سیاسی جماعتیں ڈینگی کے مسئلے کو فٹ بال نہ بنائیں۔معاون خصوصی برائے صحت نے مختلف اسپتالوں کا دورہ بھی کیا۔ راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے، اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ دو مریض جاں بحق ہوگئے، رواں برس پنجاب میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔اسلام آباد میں 284،راولپنڈی میں 152 نئے مریض سامنے آگئے۔ اسی طرح لاہور میں بھی مزید4 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے، جس کے بعد لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1057 ہو گئی۔ کراچی میں مزید64مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد تعداد 2256 ہوگئی ہے، خیبر پختونخوا میں مزید 109 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی،صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2614 ہو گئی۔ دوسری جانب صرف پشاور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1527 ہو چکی ہے، ادھر بلوچستان میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں، ڈی جی ہیلتھ کوئٹہ کے مطابق رواں سال بلوچستان میں 2527 ڈینگی وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے۔