Thursday, May 9, 2024

ڈینگی مزید تین جانیں نگل گیا،ہلاکتوں کی تعداد 63 ہو گئی

ڈینگی مزید تین جانیں نگل گیا،ہلاکتوں کی تعداد 63 ہو گئی
October 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ڈینگی مچھر قابو میں نہ آیا ، وائرس مزید تین قیمتی جانیں لے گیا ۔ ایک مرد اور خاتون نے فیملی اسپتال راولپنڈی اور ایک خاتون نے کراچی کے نجی اسپتال میں دم توڑا، رواں سال ملک بھر میں ہلاکتیں 63  ہوگئیں۔ مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں ،آج بھی ڈینگی سے متاثرہ تین افراد جاں بحق ہو گئے، درجنوں نئے مریض اسپتالوں  میں رپورٹ ہوئے، اسپتالوں میں  مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باعث وارڈز میں جگہ کم پڑ گئی۔ راولپنڈی میں ڈینگی کے باعث جاں بحق ہونیوالے 26سالہ ساجد اور 60سالہ انسہ4روز سے ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج تھے ،کراچی میں ڈینگی وائرس کے باعث انتقال کرجانیوالی خاتون میٹروول کی رہائشی تھی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں  کے دوران کراچی میں193 ، راولپنڈی میں 102 ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے ، پمز میں80 سے زائد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی۔ سیالکوٹ ، منڈی بہاءالدین ،گوجرانوالہ،فیصل آباد ،خانیوال،بہاولنگر سے بھی  ڈینگی کے کیس سامنے آئے ہیں ۔ حکومت  مسئلے پر قابو پانے میں  مکمل  ناکام نظر آرہی ہے ، حکام صرف کھوکھلے دعووں میں مصروف ہیں ، عملی اقدامات کے نتیجہ صفر ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باعث اسپتالوں میں بھی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔