Friday, May 17, 2024

ڈینگی سے پنجاب میں ایک مریض جاں بحق، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور کراچی میں درجنوں متاثر

ڈینگی سے پنجاب میں ایک مریض جاں بحق، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور کراچی میں درجنوں متاثر
November 15, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، پنجاب میں ایک اور مریض دم توڑ گیا جبکہ 24 گھنٹوں میں 103 مریض رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں مزید 108 افراد بیمار پڑگئے۔ اسلام آباد میں 12 اور کراچی میں 55 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے۔

پنجاب میں ڈینگی مچھر کے وار قہر ڈھارہے ہیں، پنجاب میں ایک اور مریض کے دم توڑنے کے بعد مجموعی اموات 93 ہوگئیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی کے مزید 103 مریض رپورٹ ہوئے۔

لاہور سے ڈینگی کے 77 مریض رپورٹ ہوئے، رواں سال لاہور سے اب تک ڈینگی کے 15,732 کیسز سامنے آئے ہیں۔ گوجرانوالہ سے ڈینگی کے 11، راولپنڈی سے 8، شیخوپورہ سے 3، حافظ آباد، قصور، ساہیوال اور سیالکوٹ میں ایک، ایک مریض رپورٹ ہوا۔

صوبہ بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 1,702 مریض داخل ہیں، لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 1,222 مریض زیرعلاج ہیں۔ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 21,507 ہو چکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 108 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی ڈینگی وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا، جڑواں شہروں میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 64 افراد وائرس کا شکار ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کے 12  شہری ڈینگی کا شکار ہوئے۔ دیہی علاقوں میں 7 اور شہری علاقوں میں 5 کیسز سامنے آگئے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں اس وقت 4 ہزار 3 سو 64 افراد ڈینگی کا شکار ہیں جن میں سے دیہی علاقوں میں 2 ہزار 4 سو 87 اور شہری علاقوں میں 1 ہزار 8 سو 77 مریض شامل ہیں۔

راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 52 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 2 سو 50 سے زائد تک پہنچ گئی ہے۔ ہولی فیملی اسپتال میں ڈینگی وائرس کے 5 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی کے تینوں سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی وائرس کے حوالے سے 274 بیڈز موجود ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں 69، ہولی فیملی اسپتال میں 175 جبکہ بی بی ایچ میں 30 بیڈز دستیاب ہیں۔