Thursday, May 9, 2024

ڈینگی سے متاثرہ مزید تین مریض دم توڑ گئے

ڈینگی سے متاثرہ مزید تین مریض دم توڑ گئے
October 5, 2019
 کراچی (92 نیوز) قاتل مچھر ڈینگی نے حملے تیز کر دیے۔ ڈینگی سے متاثرہ مزید تین مریض دم توڑ گئے۔ ملک بھر میں مریضوں کی تعداد اکیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی مچھر بدستور خوف کی علامت بنا ہوا ہے۔ اسلام آباد کے پولی کلینک اور پمز میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 65 مریض لائے گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک سو چونسٹھ مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ڈینگی کے 500 مریض داخل ہیں۔ صوبے میں رواں سال 4700 مریض سامنے آئے جن میں سے 4056 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ راولپنڈی میں 132، لاہور میں،9 شیخوپورہ سے1 کیس سامنے آیا۔ ملتان، مظفر گڑھ ، گجرات حافظ آباد، سیالکوٹ، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، سیالکوٹ، اور سرگودھا میں بھی ڈینگی کے حملے جاری ہیں۔ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 4 اکتوبر تک ڈینگی سے 09 اموات ہوئیں۔ فیصل آباد میں ڈینگی کے مزید چھ مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔ نوشہرہ میں بھی وائرس سے متاثرہ مریض جان کی بازی ہار گیا۔ ادھر خیبرپختونخوا میں مزید 72 نئے کیسزکے ساتھ تعداد 4 ہزار 220 ہو گئی ہے۔ پشاورمیں مزید 32 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔ ڈینگی بخار کے بارے میں عوامی آگاہی کے لئے حکومت نے صوبہ بھر کے خطبا کو ہدایت جاری کر دی۔ مراسلے میں ضلعی اور تحصیلی خطباء و آئمہ کو ڈینگی سے آگاہی مہم میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔