Wednesday, May 15, 2024

ڈینگی بے قابو، راولپنڈی میں ایک اور مریض دم توڑ گیا

ڈینگی بے قابو، راولپنڈی میں ایک اور مریض دم توڑ گیا
September 29, 2019
لاہور (92 نیوز) حکومت ڈینگی کے سامنے بے بس ہوگئی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں ڈینگی بے قابو ہونے سے مریضوں میں بتدریج اضافے کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثر ایک اور شخص دم توڑ گیا، ملک بھر میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کی تمام تدابیر ناکام ہونے لگیں، صرف راولپنڈی ریجن میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 5419 تک جا پہنچی ہے۔ خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران 52 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں اب مریضوں کی تعداد 1846 تک پہنچ چکی ہے۔ پنجاب میں بھی ڈینگی کے وارتیزی سے جاری ہیں، ملتان کے نشتر اسپتال میں مزید 10 مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا، منڈی بہائوالدین میں 16 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے 3 ہزار 554 مریض سامنے آئے ہیں، ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے پنجاب میں یکم جنوری سے 28 ستمبر تک 9 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔