Friday, April 19, 2024

ڈیموکریٹک پارٹی کے جوبائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر منتخب

ڈیموکریٹک پارٹی کے جوبائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر منتخب
November 8, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے جو بائیڈن امریکا کے نئے صدر منتخب ہوچکے ہیں۔ جوبائیڈن نے 20 نومبر 1942ء کو امریکی ریاست پینسلوانیا کے شہر اسکرینٹن کے ایک محنت کش آئرش کیتھولک خاندان میں آنکھیں کھولیں۔ 1968ء میں قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1972ء میں ریاست ڈلاویئر کی ڈیموکریٹک پارٹی سے بطور کامیاب سینٹ امیدوار اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ جوبائیڈن 1973ء میں امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور وہ اُس وقت ملکی تاریخ کے پانچویں کم عمر ترین سینیٹر تھے۔ نئے امریکی صدر جوبائیڈن نے دو شادیاں کیں۔ ان کی پہلی اہلیہ 1973ء میں ایک کار حادثے کا شکار ہوگئیں۔ اُنہوں نے دوسری شادی 1977ء میں کی۔ جوبائیڈن سینٹ کی رُکنیت کا حلف اٹھانے والے تھے، ان کی بیوی اور تین بچے کار کے ایک حادثے کا شکار ہوئے۔ جس میں اُن کی بیوی نیلیہ اور 13 ماہ کی بیٹی نیومی موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دونوں بیٹے شدید زخمی حالت میں اسپتال لائے گئے۔ جوبائیڈن نے بچوں کے بیڈ کے ساتھ کھڑے ہو کر سینٹ کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ جوبائیڈن کو طویل عرصے تک امریکی سینیٹر رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ 1973ء سے 2009ء تک سینیٹر رہے۔ 2009ء میں جوبائیڈن امریکا کے 74 ویں نائب صدر بنے اور 2017ء تک صدراوباما کے نائب صدر رہے۔ 2017ء میں اپنے دورِ اقتدار کے اختتام پر صدر براک اوباما نے اِنہیں امریکا کے اعلیٰ ترین اعزازات میں سے ایک صدارتی میڈل آف فریڈم سے بھی نوازا۔