Monday, May 6, 2024

ڈیموکریٹک پارٹی کی سینئر رہنما نینسی پلوسی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر منتخب

ڈیموکریٹک پارٹی کی سینئر رہنما نینسی پلوسی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر منتخب
January 4, 2019
واشنگٹن (92 نیوز)  امریکی ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی کے ہاتھ میں چلا گیا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی سینئر رہنما نینسی پلوسی کو ایوان نمائندگان کی اسپیکر منتخب کر لیا گیا۔ گزشتہ برس نومبر میں وسط مدتی انتخابات میں کامیابی سمیٹنے  کے بعد  ڈیموکریٹک پارٹی  نے سینئر رہنما نینسی پلوسی کو اسپیکر کی امیدوار نامزد کیا  تھا۔ 78 سالہ نیسنی پلوسی کیلیفورنیا سے رکن منتخب ہوئی تھیں۔ امریکی کانگریس کے افتتاحی اجلاس میں نینسی پلوسی کو باضابطہ طور پر اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔ وہ اس منصب پر دوسری بار فائز ہوئی ہیں۔ وہ دو ہزار سات سے دو ہزار گیارہ تک  بھی وہ اسپیکر کے طور پر فرائض سرانجام دے چکی ہیں۔ اپنے انتخاب کے فوری بعد افتتاحی خطاب کرتے ہوئے نینسی  پلوسی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مقدس چھت تلے ہم  امریکا کو دوبارہ بہتر بنائیں گے۔ نینسی کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے  ہم سب متحد ہیں۔ ری پبلکن کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا  کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق ملنے کے سو سال مکمل ہونے پر اسپیکر منتخب ہونا انکے لیے اعزاز کی بات ہے۔ خطاب کے بعد ایوان نمائندگان کی 63 ویں اسپیکر نینسی پلوسی نے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ سے حلف لیا۔ نومنتخب خواتین  مسلمان  ارکان الہان عمر اور راشدہ طلائب نے قرآن مجید پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا۔