Saturday, May 4, 2024

ڈیلی میل کو نوٹس بھیجنے پر کس کو مرچیں لگ رہی ہیں ، مریم اورنگزیب

ڈیلی میل کو نوٹس بھیجنے پر کس کو مرچیں لگ رہی ہیں ، مریم اورنگزیب
July 28, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان  اور رہنما مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر  کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل کو نوٹس بھیجنے پر کس کو مرچیں لگ رہی ہیں ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے رد عمل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  حکومت ڈیلی میل کا دفاع کیوں کر رہی ہے ، موجودہ حکومت نے جھوٹے اخبار کا سہارا لیا، عرفان صدیقی کی قلم والی تصویر تاریخ کا حصہ بن چکی ہے ۔ ترجمان مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ قوم عمران خان کو این آر او نہیں دے گی ۔ قبل ازیں پی آئی ڈی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کیخلاف کوئی کیس نہیں کیا ، اخبار سے صرف شکایت کی ہے  اور شکایت میں بھی اتنا ہی کہا گیا ہے کہ خبر عوامی مفاد میں نہیں تھی ۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے نہ ہی خود پر لگے الزامات کی تردید کی گئی اور نہ ہی اپنے دفاع میں کچھ پیش کیا گیا ہے ۔