Thursday, April 18, 2024

ڈیزل 3روپے 34پیسے‘ مٹی کا تیل ایک روپے 98 پیسے مہنگا‘ پٹرول کی قیمت برقرار

ڈیزل 3روپے 34پیسے‘ مٹی کا تیل ایک روپے 98 پیسے مہنگا‘ پٹرول کی قیمت برقرار
May 31, 2016
اسلام آباد (92نیوز) حکومت نے اوگرا کی تجاویز مسترد کر دیں۔ پٹرول اور ہائی اوکٹین کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں جبکہ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے تجویز دی تھی کہ پیٹرول کی قیمت میں پچاسی پیسے فی لٹر اضافہ کیا جائے۔ ہائی اوکٹین کی قیمت میں دو روپے اٹھارہ پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے انہتر پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ اوگرا نے یہ بھی تجویز دی تھی کی مٹی کا تیل تین روپے ستانوے پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا جائے لیکن وزیر خزانہ نے وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ یکم جون سے پیٹرول اور ہائی اوکٹین کی قیمتیں برقرار رکھی جائیں گی۔ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے چونتیس پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت ایک روپے 98 پیسے فی لٹر بڑھائی گئی ہے اور لائیٹ ڈیزل آئل 2 روپے تیئس پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا۔ اب پیٹرول اور ہائی اوکٹین تو پرانی قیمتوں پر فروخت ہو گا لیکن ایک ماہ کے لیے ڈیزل کی نئی قیمت 75 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گی۔ مٹی کا تیل 45 روپے 23 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو گا اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 40 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفیکیشن آج جاری کیا جائے گا اور نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے ہو گا۔