Saturday, April 20, 2024

ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں پر ٹڈی دل کا دوبارہ حملہ

ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں پر ٹڈی دل کا دوبارہ حملہ
February 9, 2020
 ڈیرہ اسماعیل خان (92 نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں پر ٹڈی دل کا دوبارہ حملہ ہو گیا۔ ٹڈی دل کے حملے کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچا۔ کھڑی فصلوں اور سبزیوں کو تباہ کرنے والے ٹڈی دل نے اب خیبرپختونخوا میں ڈیرے جما لئے ہیں۔ صوبے کے جنوبی اضلاع میں ٹڈی دل کی یلغار کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جنوبی اضلاع میں ٹڈی دل حملہ آور ہوئے تو دیگر اضلاع کے کسان بھی تشویش میں مبتلا ہو گئے۔ پشاور کے نواحی علاقوں کے کسان کہتے ہیں کہ ٹڈی دل کی ایسی یلغار 40 سال قبل دیکھی تھی۔ کسانوں کے مطابق اگر یہاں ٹڈی دل آ گئے تو حکومتی امداد کے بغیر وہ انکا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب محکمہ زراعت نے جہاں متاثرہ اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی ہے وہیں دیگر اضلاع میں ٹڈی دل کا ممکنہ حملہ پسپا کرنے کی بھرپور تیاری کر لی ہے۔ محکمہ زراعت حکام کے مطابق صوبے میں ٹڈی دل بلوچستان سے داخل ہوئے جن کی تعداد کا اندازہ 50 سے 80 ملین کے درمیان ہے۔ جدید طریقوں سے اسپرے اور بروقت کارروائی سے متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کو کافی حد تک کم کیا گیا ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق جنوبی ضلع ڈی آئی خان کے بعد ٹڈی دل نے شمالی وزیرستان کا رخ کر لیا ہے اور امکان ہے کہ وہاں سے افغانستان منتقل ہو جائے۔ ماہرین کے مطابق صوبے کے وسطی اضلاع میں ٹڈی دل آنے کا خطرہ وقتی طور پر ٹل گیا ہے۔