Tuesday, April 23, 2024

ڈیرہ اسماعیل خان کے امن پر دہشت گردوں کا بزدلانہ وار ، فائرنگ اور دھماکے میں پانچ اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان کے امن پر دہشت گردوں کا بزدلانہ وار ، فائرنگ اور دھماکے میں پانچ اہلکار شہید
July 21, 2019

ڈیرہ اسماعیل خان (92 نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئلہ سیدان چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے بزدلانہ وار کیا۔ فائرنگ اور دھماکے میں پانچ اہلکاروں سمیت آٹھ افراد شہید اور 22 زخمی ہو گئے۔

شہید اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک خاتون خودکش حملہ آور نے اسپتال کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ خودکش حملہ آور سولہ سترہ سال کی لڑکی تھی۔

خوفناک دھماکے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد شہید اور 22 زخمی ہو گئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔

 ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان سلیم ریاض کے مطابق دھماکا خودکش تھا ۔ خاتون حملہ آور نے اسپتال کے گیٹ پر خود کو اڑایا۔

دھماکے کے بعد اسپتال میں بھگدڑ مچ گئی۔ دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے دھماکا سے شواہد اکھٹے کئے۔

پولیس لائن میں 4 پولیس شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں پولیس و سول افسران سمیت اعلی عسکری افسران نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان  سمیت سیاسی رہنماؤں نے  دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ  امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ اسپتالوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔ دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔