Friday, April 26, 2024

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار شہید
October 23, 2019
ڈیرہ اسماعیل خان(92 نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں مقابلے کے دوران ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا ،  دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے  ، 6 مشتبہ افرادکو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ڈی آئی خان  کی تحصیل پروآ میں سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کے  دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر  رمک  میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جس میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں سی ٹی ڈی حوالدار نور علی شاہ شہید جبکہ سپاہی جہانگیر زخمی ہوگیا۔ دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے قریبی جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، سی ٹی ڈی کے مطابق  مقابلے کے بعد  پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے  بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد  کیا ہے۔ شہید سی ٹی ڈی اہلکار کی پولیس لائنز میں نمازجنازہ ادا کردی گئی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں  شرکت کی۔ نمازجنازہ کے بعد شہید نور علی شاہ کی میت  آبائی گاؤں گرہ بڈھا ضلع ٹانک روانہ کردی گئی۔