Wednesday, April 24, 2024

ڈیجیٹل کیبل باکس سے پاکستان کا سارا ریونیو بھارت کو جا رہا ہے، چیف جسٹس

ڈیجیٹل کیبل باکس سے پاکستان کا سارا ریونیو بھارت کو جا رہا ہے، چیف جسٹس
October 25, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گرے ٹریفکنگ کی روک تھام سے متعلق کیس میں کہا کہ ڈیجیٹل کیبل باکس سے پاکستان کا سارا ریونیو بھارت کو جا رہا ہے۔ ایف بی آر پیمرا اور ایف آئی اے جیسے ادارے کیا کر رہے ہیں؟۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے گرے ٹریفکنگ کی روک تھام سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ بتائیں کس حد تک کام ہوا ہے؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فیصل آباد، لاہور سمیت کئی شہروں میں گرے ٹریفکنگ پر کام ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پی ٹی اے کے لوگ ملے ہوتے ہیں، گرے ٹریفکنگ سے کون لوگ متاثر ہو رہے ہیں؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت کے 50 سے 60 ملین ڈالر ہر سال ضائع ہوتے ہیں، اگست سے ستمبر کے دوران ڈیڑھ لاکھ سمز بلاک کی ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایف بی آر پیمرا اور ایف آئی اے جیسے ادارے کیا کر رہے ہیں؟۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ آن لائن خریداری سے بھی ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔ یہ ساری چیزیں ٹیکنالوجی کے استعمال سے رک سکتی ہیں۔ وکیل پی ٹی سی ایل نے کہا کہ پی ٹی سی ایل گرے ٹریفکنگ کی روک تھام کے نظام کی تنصیب کے لیے رقم دینے کے لیے تیار ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس  دیئے کہ  موبائل کمپنیوں کو نظام کی تنصیب میں اپنا حصہ ڈالنے کا حکم دیں گے۔ اس کے بعد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔