Friday, April 26, 2024

ڈی چوک تو قریب، کہیں دور بھی جانا پڑا تو جائینگے، طلال چودھری

ڈی چوک تو قریب، کہیں دور بھی جانا پڑا تو جائینگے، طلال چودھری
November 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ڈی چوک تو بہت قریب ہے، کہیں دور بھی جانا پڑا تو جائیں گے، نون لیگ کے رہنما طلال چودھری نے کہا فضل الرحمن جہاں جائیں گے ان کے ساتھ ہیں۔ ن لیگی رہنماء نے آزادی مارچ سے گفتگو میں کہا کہ 2014ء کا دھرنا نہیں دھرنی تھی، کہا گیا وہ دھرنا تبدیلی لائے گا، اس ملک میں آئین موجود ہے مگر عمل نہیں، ادارے ضرورموجود ہیں مگر اپنا کام نہیں کر رہے۔ طلال چودھری بولے کہ سیاستدان آتے جاتے رہتے ہیں، کچھ لوگوں کا نام تاریخ میں لکھا جائے گا، مولانا فضل الرحمن اور ان کے کارکنوں کا نام تاریخ میں لکھا جائے گا، مولانا اور ان کے کارکنوں نے ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کی ہے، قوم مولانا فضل الرحمن کی احسان مند ہے۔ ن لیگی رہنماء کہتے ہیں کہ ہم مولانا فضل الرحمن کے ساتھ کھڑے ہیں، لیڈران نے دھرنے کے شرکاء کو کنٹرول میں رکھا ہوا ہے، ابھی تک آزادی مارچ میں ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹا۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں بولے کہ اتنا بڑا مجمع کبھی اسلام آباد نہیں آیا، پانچ روز بعد بھی یہ مستقل مزاجی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جلسے کے شرکاء اب حکومت کے جانے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پارٹی نے پہلے بھی متفقہ فیصلے کئے، آئندہ بھی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا اگر میڈیا ڈرون استعمال کرے تو پتہ چلے گا کہ کتنا بڑا مجمع ہے، یہی مارچ نئے انتخابات کا باعث بنے گا، حکومت کو استعفے پر بات کرنی چاہئے۔