Tuesday, May 7, 2024

ڈی سی چکوال نے ایم این اے ذوالفقار علی خان کیخلاف خط لکھ دیا

ڈی سی چکوال نے ایم این اے ذوالفقار علی خان کیخلاف خط لکھ دیا
September 4, 2018
چکوال (92 نیوز) ڈی سی چکوال نے تقررو تبادلے کیلئے دباؤ ڈالنے پر ایم این اے ذوالفقار علی خان کیخلاف چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔ سرکاری کاموں میں سیاسی مداخلت پر ڈپٹی کمشنر چکوال تحریک انصاف کے ایم این اے ذوالفقار علی خان کے خلاف پھٹ پڑے۔ ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ این اے 64 چکوال سے پی ٹی آئی کے ایم این اے  ذوالفقار علی خان  نے سیاسی پوسٹنگ اور ٹرانسفرز کے لیے دباو ڈالا۔ خط کے متن کے مطابق اکتیس اگست کو ذوالفقار علی خان کی جانب سے ڈی سی چکوال کو ایک لسٹ بھجوائی  گئی جس میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے سترہ افسروں کے تقرر اور تبادلے کا کہا گیا۔ فہرست میں گرداور ،پٹواری اور ریڈرز سمیت محکمہ مال کے دیگر افسران کے نام شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے خط میں لکھا کہ انہوں نے ایم این اے کو صاف بتا دیا کہ وہ ان کی سفارش پر تقرر تبادلہ نہیں کرسکتے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم این اے کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کی درخواست کی۔ خط کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی ارسال کر دی گئی۔