Monday, September 16, 2024

چھٹیاں ختم !!! پرائیویٹ سکول مالکان نے کل سکول کھولنے کا اعلان کر دیا

چھٹیاں ختم !!! پرائیویٹ سکول مالکان نے کل سکول کھولنے کا اعلان کر دیا
January 31, 2016
لاہور (92نیوز) سرد موسم کے نام پر بند کئے گئے سکولز سکیورٹی انتظامات فراہم کرنے کی یقین دہانی پر پرائیویٹ سکولز مالکان نے یکم فروری سے کھولنے کا مشروط اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کی سربراہی میں نجی سکولوں کی تنظیموں کے مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں انتظامیہ اور پولیس کے حکام بھی موجود تھے۔ پولیس کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار پر کچھ تنظیموں نے مذاکرات کا بائیکاٹ کیا جس پر ڈی سی او لاہور اور سکول مالکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ کچھ تعطل کے بعد مذاکرات کا دور دوبارہ شروع ہوا اور حکومت نے سکول مالکان کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ پولیس سکولوںکے خلاف کارروائی نہیں کرے گی۔ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ ڈسٹرکٹ کمیٹی کی نگرانی میں لیا جائے گا۔ نجی سکول مالکان نے واضح کیا کہ انہوں نے سکولز کھولنے پر مشروط آمادگی ظاہر کی ہے‘ سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اگر دیگر مطالبات کے ساتھ سکیورٹی کے مناسب انتظامات نہ کئے گئے تو سکول نہیں کھولے جائیں گے۔ وزیر تعلیم رانا مشہود نے نجی سکولز کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے طے شدہ ضابطوں پر ستر فیصد عمل کیا جا چکا ہے۔ سکیورٹی کے نام پر فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔