Sunday, September 8, 2024

ڈی جے بٹ نے نغمے گانے کیلئے ن لیگ سے معاہدہ کر لیا

ڈی جے بٹ نے نغمے گانے کیلئے ن لیگ سے معاہدہ کر لیا
January 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے جلسوں کو گرمانے والے ڈی جے بٹ نے اب حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سے معاہدہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف سے مایوس ہونے والے ڈی جے بٹ کے نغمے اب ن لیگ کے جلسوں میں گونجا کریں گے۔ تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے سے قبل آصف بٹ عرف ڈی جے بٹ کے نام سے کوئی واقف نہیں تھا مگر خیبر لے لیکر کراچی تک ہر جلسے اور ریلی میں وہ ساتھ ساتھ رہے۔ اپنے گانوں کی دھنوں پر جلسے کے شرکاءکو پرجوش کرنے میں مہارت رکھنے والے ڈی جے بٹ لوگوں کے مزاج کے مطابق گانے چلاتے۔ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں دھرنا ڈی جے بٹ کے کیریئر میں کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ ثابت ہوا اور پاکستان میں ان کی پہچان بھی یہی دھرنا بنا۔ بعدازاں ڈی جے بٹ پر اسلام آباد میں نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا کیس درج کر لیا گیا اور اسی کے تحت ان کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر انہیں چودہ روزہ ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھی بھیجا گیا۔ دھرنے کے دوران ڈی جے بٹ نے اپنی خدمات کا ٹوٹل بل 11 کروڑ بنایا اور دعویٰ کیا کہ انہیں 6 کروڑ ادا کیے گئے لیکن 5 کروڑ باقی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں سے ملاقات کے بعد یہ مسئلہ بھی حل ہوا اور انہیں باقی کے پیسے ادا کر دیے گئے مگر تحریک انصاف سے ان کی رفاقت صرف پیسوں کیلئے تھی یہ بات انہوں نے آج ن لیگ سے معاہدہ کر کے ثابت کر دی ہے۔