Sunday, May 19, 2024

ڈی جی نیب لاہور کی جعلی ڈگری کا کیس سماعت کے لئے مقرر

ڈی جی نیب لاہور کی جعلی ڈگری کا کیس سماعت کے لئے مقرر
November 9, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ڈی جی نیب لاہور کی جعلی ڈگری کے معاملے پر عدالت عظمیٰ نے کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بارہ نومبر کو سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ ڈی جی نیب کی جعلی ڈگری کے حوالے سے ایک شہری نے کیس دائر کیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ دوسری طرف ترجمان نیب نے ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی جعلی ڈگری کے ایشو کو جھوٹی خبریں قرار دے کر یکسر مسترد کر دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب افسر کی ڈگری ایچ ای سی سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہے  جو  دو ہزار دو میں جاری ہوئی۔ ایسے ہتھکنڈوں سے نیب پر دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا۔ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں ڈی جی نیب لاہور کیخلاف تحریک جمع کرائی تو نیب کا بھی بھرپور جواب سامنے آگیا۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے حمزہ شہباز، خواجہ برادران اسمبلی ایوانوں کے باہر نیب پر تنقید کر سکتے ہیں۔ شہبازشریف اسمبلی ایوان میں نیب کے خلاف محاذ گرم کرسکتے ہیں۔ لیگی رہنما ٹاک شوز میں نیب کے خلاف بات کر سکتے ہیں۔ تو نیب کو بھی حق حاصل ہے کہ میڈیا پر موقف پیش کرے۔ ادھر چیئرمین نیب نے پیمرا سے ڈی جی نیب لاہور کے انٹرویو کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔ ترجمان نیب کے مطابق ریکارڈ منگوانے کا مقصد قانون کےمطابق کارروائی کرنا ہے۔ دیکھا جائیگا ارکان اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا یا الزام عائد کیے جارہے ہیں۔