Thursday, April 25, 2024

ڈی جی نیب لاہور نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں کرپشن اسکینڈل کا نوٹس لے لیا

ڈی جی نیب لاہور نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں کرپشن اسکینڈل کا نوٹس لے لیا
March 1, 2020

لاہور (92 نیوز) ڈی جی نیب لاہور نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں کرپشن اسکینڈل کا نوٹس لے لیا۔ شہزاد سلیم نے کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن میں لاکھوں طلبا کی جعلی انورولمنٹ کا انکشاف ہوا تھا۔ ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے میگا کرپشن اسکینڈل کی جلد تحقیقات مکمل کر کے رپوٹ پیش کرنے کی ہدایات کر دی گئی۔

پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت 2 لاکھ 87 ہزار بچہ سکولوں سے غائب ہے۔ متعلقہ سکولز، این جی اوز کی سرکاری افسران سے مبینہ طور پر ملی بھگت منظرعام پر آگئی۔ جعلی بچوں کو ریکارڈ میں ظاہر کر کے سالانہ 1 ارب 10 کروڑ روپے فنڈز ہڑپ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ حکومت ماہانہ فی بچہ 550 روپے کے حساب سے متعلقہ سکول ،این جی اوز کو پڑھانے کا ادا کرتی رہی۔ بچے سکولوں سے غائب کی رپورٹ آنے کے باوجود پیسے دینے کا سلسلہ تاحال جاری ہے

چیئرمین پیف واسع قیوم عباسی اور وزیر تعلیم مراد راس معاملے کو دبانے میں لگ گئے۔ وزیر تعلیم مراد  راس اور چیئرمین کی ایم ڈی کو معاملہ بورڈ آف ڈائریکٹرزمیں بھیجنے سے روک دیئے جانیکی اطلاعات ملی ہیں۔

 نیب ذرائع کے مطابق پنجاب سکولز ایجوکیشن میں مبینہ مالی غبن کی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔ ڈی جی نیب کی ہدایات کیمطابق محکمہ تعلیم میں طلباء کے مستقبل سے کھیلنے اور انکے حقوق سلب کرنے والوں کیخلاف فوری تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔