Friday, May 17, 2024

ڈی جی ایکسائز فیصل آباد کے ایکسائز افسران پر اظہارِعدم اعتماد

ڈی جی ایکسائز فیصل آباد کے ایکسائز افسران پر اظہارِعدم اعتماد
January 9, 2021

فیصل آباد (92 نیوز) ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے فیصل آباد کے ایکسائز افسران پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا، ڈویژن بھر میں پراپرٹیز کا نئے سرے سے سروے کروانے کے لیےبارہ رکنی ٹیم تشکیل دے دی تاہم ٹیم میں فیصل آباد کا کوئی ایکسائز آفیسر شامل نہیں کیا گیا۔

فیصل آباد، جھنگ چنیوٹ میں کل کتنی کمرشل اور رہائشی پراپرٹیز موجود ہیں اس بات کا پتہ لگانے کے لیے ڈی جی ایکسائزنے ڈویژن بھر میں نئے سرے سے پراپرٹیز کا سروے کروانے کا فیصلہ کر لیا۔

سروے کے لیے ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے فیصل آباد کے ایکسائز افسران پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نئی بنائی جانے والی ٹیم میں ایک بھی مقامی ایکسائز آفیسر کو شامل نہ کیا۔

بارہ رکنی ٹیم میں پنجاب بھر سے ڈائریکٹر،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران اور کلرکس کو شامل کیا گیا ہے۔

ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا کہنا ہے کہ ڈویژن بھر میں موجود تمام پراپرٹیز کا سراغ ، اصل مالیت اور رقبے کا نئے سرے سے پتہ لگایا جائے گا دوسری جانب ڈائریکٹر ایکسائز فیصل آباد کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ڈویژن بھر سے ایکسائز افسران کے خلاف من مانے پراپرٹی ٹیکس لگانے کی متعدد درخواستیں موصول ہونے کے بعد پراپرٹیز کا نیا سروے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔