Tuesday, April 23, 2024

ڈی جی آئی ایس پی آر کی کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

ڈی جی آئی ایس پی آر کی کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل
December 22, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے  نوجوانوں کیساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں اور  گپ شپ بھی لگائی ۔ شہر قائد میں پاک فوج ، رینجرز ،پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی کوششیں رنگ لے آئیں ، امن بحال ہوا  جس کے ساتھ ہی  شہر کی رونقیں بحال ہو گئیں ۔ دہشت گردی کا شکار بن جانے والے شہر میں  کلچر لوٹنے لگا ، نوجوان  رات کو شہر کی سٹرکوں پر کرکٹ کھیلتے دکھائی دینے لگے ہیں ۔ شہر قائد میں  امن کے قیام کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا ، ڈی جی آئی ایس پی آر بغیر کسی پروٹوکول اور سکیورٹی کے نوجوانوں کے ساتھ کراچی کی سڑک پر رات کے وقت کرکٹ کھیلتے دکھائی دیے۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کیساتھ سیلفیاں بنوائیں اور گپ شپ بھی کی ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان  شاہد آفریدی نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے  پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان پاک فوج نے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شاہد آفریدی کے نام پیغام میں کہا کہ   اگر وہ یہاں ہوتے تو کوئی انہیں بلا بھی نہ پکڑنے دیتا ۔ میجر جنرل آصف غفور نے نوجوانوں سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ رینجرز،پولیس اور سکیورٹی اداروں کی بدولت شہر کی روشنیاں لوٹ آئی ہیں۔