Friday, April 19, 2024

ڈی جی آئی ایس پی آر کی طالبعلم احمد نواز کو اعلیٰ کارکردگی پر مبارکباد

ڈی جی آئی ایس پی آر کی طالبعلم احمد نواز کو اعلیٰ کارکردگی پر مبارکباد
August 24, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں زخمی  طالب علم احمد نواز کو برطانیہ کے امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی پر مبارکباد دی۔ سولہ دسمبر دو ہزار چودہ  پاکستان تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن جب بزدل دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کرتے ہوئے معصوم طلبا کے خون سے ہولی کھیلی تھی۔ اس المناک واقعے میں طالب علم احمد نواز شدید زخمی ہوئے تھے ،جنہوں نے نا صرف اس مشکل وقت کا دلیری سے مقابلہ کیا بلکہ تعلیم جاری رکھتے ہوئے  قوم  کا سرفخرسے بلند کر دیا۔ احمد نواز نے برطانیہ کے بین الاقوامی جی سی ایس ای امتحانات میں چھ اے پلس اور دو اے حاصل کیے جس سے اُن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلے کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے احمد نواز کو شاندار تعلیمی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ احمد نواز نے  اپنی ہمت،عزم اور تعلیم کی طاقت سے  شیطانی قوتوں کو شکست دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے احمد نواز کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ احمد نواز کی کامیابی اس بات کی گواہی  ہے کہ امن دشمنوں جتنی کوششیں کر لیں، علم کی شمع تا قیامت تک روشن رہے گی۔