Friday, May 17, 2024

ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے
February 22, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر آج  3 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ میجر جنرل آصف غفور پریس کانفرنس میں اہم امور پر افواج پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  سمیت سروسز چیفس کی شرکت ہوئی۔ حساس اداروں کے سربراہ ، سکیورٹی حکام ، دفاع اور خارجہ سمیت وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پلوامہ حملے پر بھارتی پروپیگنڈے اور ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کر دئیے اور واقعہ میں ملوث کرنے کی بھارتی کوششوں کی شدید مذمت کی۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان پلوامہ حملے میں کسی بھی طرح ملوث نہیں۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے مخلصانہ پیش کش کی گئی اور کہا گیا امید ہے بھارت مثبت جواب دے گا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی پولیس کے قافلے پر بم حملے میں چوالیس اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق  پولیس قافلے پر حملہ  ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں  کیا گیا تھا ۔ سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی بسیں جموں کشمیر ہائی وے  سے گزر رہی تھیں کہ حملہ آور نے بارود سے بھری کار بھارتی قافلے سے ٹکرا گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق حملے میں  چالیس اہلکار موقع پر  ہلاک ہوگئے تھے جبکہ  باقی  اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے ۔