Friday, April 26, 2024

ڈی ایس پی کو بیٹے کی شادی میں پولیس افسران کو بلانا مہنگا پڑگیا

ڈی ایس پی کو بیٹے کی شادی میں پولیس افسران کو بلانا مہنگا پڑگیا
February 21, 2020
ٹنڈو آدم (92 نیوز) ڈی ایس پی ٹنڈو آدم کو بیٹے کی شادی میں اعلیٰ افسروں کی خوشامد مہنگی پڑگئی۔ 15 لاکھ 60 ہزار روپے سالانہ کمانے والے ڈپٹی صاحب نے بیٹے کی شادی پر 13 لاکھ روپے میں شادی ہال بک کر لیا۔ اور تو اور 50 سے 60 لاکھ روپے کھابوں پر اُڑا دیئے۔ ڈی ایس پی ٹنڈو آدم ایوب بروہی نے اپنے بیٹے دانش ایوب کی شادی میں لاکھوں روپے کے اخراجات کردیئے، شادی میں پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی بلایا تاہم یہ فیصلہ مہنگا پکڑگیا۔ اے آئی جی پولیس اسٹیبلشمنٹ نے شادی میں آمدن سے زائد اخراجات پر ڈی ایس پی کو نوٹس جاری کردیا کہ آپ کی سالانہ آمدن15لاکھ 60 ہزار ہے اور شادی میں لاکھوں روپے اخراجات کہاں سے کردیئے؟۔ ڈی ایس پی کو جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا شادی ہال کی بکنگ13لاکھ روپے میں ہوئی جبکہ 50سے60لاکھ روپے کھانے پر خرچ ہوئے اور شادی میں سندھ بھر سے مہمانوں کو بھی بلایا گیا۔ نوٹس میں مزید کہا گیا آپ کے بچے مہنگے اسکول میں زیر تعلیم ہیں اور آپ کا رہن سہن بھی آمدن سے کہیں زیادہ ہے، ڈی ایس پی سے کہا گیا اگر نوٹس کا جواب نہیں دیا تو آپ کا کیس نیب کے حوالے کردیا جائے گا۔