Wednesday, April 24, 2024

ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب و دیگرافسروں سمیت 644 اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق

ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب و دیگرافسروں سمیت 644 اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق
June 1, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب پولیس پر کرونا مرض کے وار روز بروز زور پکڑنے لگے، صوبہ بھرمیں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب اوردیگر افسروں سمیت 644 اہلکاروں میں کوروناوائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کورونا کے خلاف صف اول کی سپاہ میں شامل پولیس وبا کا بڑا نشانہ بننے لگی۔ ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا کورونا کی زد پرآگئے اورخود کو گھرمیں قرنطینہ کرلیا۔ اُن سے پہلے ایس ایس پی ایڈمن لاہور لیاقت ملک کورونا کا شکار ہوئے مگرانہوں نے وباکو شکست دے کر دوبارہ ڈیوٹی جوائن کر لی۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق اب تک افسروں سمیت چھ سوچوالیس اہلکاروں میں کورونا مثبت آیا ہے، ترجمان کے مطابق اب تک سترہ ہزار تین سو ملازمین کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے پندرہ ہزار پانچ سو ستاسی ملازمین کے ٹیسٹ نیگیٹوآئے۔ پنجاب پولیس میں کورونا سے متاثرہ افرد میں سب سے زیادہ تعداد لاہور پولیس کی ہے۔ لاہور پولیس کے اب تک ایک سوچوہترملازمین موذی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول کی فوج میں شامل ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بہت بڑی تعداد بھی وائرس کی زد میں آئی ہے، اس دوران کئی نوجوان ڈاکٹر کی شہادت بھی ہوچکی ہے۔